کراچی میں سڑکوں کی مرمت کیلئے سندھ حکومت نے ڈیڑھ ارب کے فنڈز منظور کرلیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے بارش سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰوہاب، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ناصر حسین شاہ، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور چیف سیکریٹری سندھ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران متاثرہ سڑکوں کی مرمت کیلئے ڈیڑھ ارب روپے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی۔ شرکائے اجلاس میں شہر کے 7 اضلاع میں سڑکوں کے بیچ ورک کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
دورانِ اجلاس وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہم کراچی کی سڑکوں کا سروے کر رہے ہیں، یہ بھی معلوم کیا جارہا ہے کہ تباہ حال سڑکیں خراب کب ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ سڑکیں وقت سے قبل خراب ہونے پر انکوائری کروائیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ وقت سے قبل سڑکیں خراب ہونے پر سڑکوں کا ناقص کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ جو سڑکیں تعمیر کی جائیں، ان کا نکاسئ آب کا نظام بھی بنایا جائے، ہر سڑک کی سروس لائن ہونی چاہئے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کے ایم سی کو ہدایت کی کہ کراچی کے تمام اضلاع میں فٹ فلائی اوورز، بلوں کی مرمت اور تعمیر ہوئی، ہماری خواہش ہے کہ سڑکوں کی مرمت یا تعمیر کے کام کو بہترین معیار کے ساتھ انجام دیا جائے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا دورانِ اجلاس کہنا تھا کہ ان تمام کاموں کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی ضرورت پڑے گی جس پر وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے ڈیڑھ ارب کے فندز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔