کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی نے ملاقات کی جس کے دوران عوامی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ کمیٹی کے 2 تہائی اراکین نے گورنر سندھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رہنما گورنر ہاؤس پہنچے اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی۔ رابطہ کمیٹی اراکین وسیم اختر، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، خواجہ اظہار اور دیگر اس موقعے پر موجود تھے۔
انقلاب پر امن ہوگا یا خونی؟ ہمارے ساتھ عوام کا سمندر ہے۔عمران خان
رابطہ کمیٹی کے 2 تہائی سے زائد اراکین نے گورنر سندھ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ کی رابطہ کمیٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران سیاست، عوامی مسائل اور ان کے حل سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیرِ غور آئے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ متحدہ گورنر سندھ کے شانہ بشانہ ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ کامران ٹیسوری عوامی مسائل کو حل کریں گے۔ گورنر سندھ نے رابطہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں شہری مسائل کے حل اور وفاق اور صوبے کے مابین ہم آہنگی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم سے معاہدے پر عملدرآمد اور دیگر مطالبات پر پیشرفت ہورہی ہے۔