کراچی: پی ٹی آئی رہنما سمیر میر شیخ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی اور صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے اعزاز میں تحریکِ انصاف کے رہنما سمیر میر شیخ کے زیرِ اہتمام عشائیہ دیا گیا۔ معاونِ خصوصی محمود مولوی، اراکینِ اسمبلی، کاروباری برادری اور قونصل جنرل عشائیے میں شریک ہوئے۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ملک میں تعمیراتی صنعت کو فروغ حاصل ہورہا ہے تاہم سندھ میں یہ نہیں ہورہا۔ ایس بی سی اے کے بہت سے مسائل ہیں اور ہم انہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عشائیے سے خطاب کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو یقین تھا کہ حالات بہتر ہوں گے، جب حکومت سنبھالی تو بہت وار کیے گئے اور گرتی ہوئی معیشت کو مزید دھچکے پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
خطاب کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اللہ کی خفیہ طاقت ہے۔ ان کی نیت صاف ہے، وہ غیر قانونی طریقے سے کوئی جائیداد نہیں بنا رہے۔ موروثی سیاست نہیں کرتے۔ کورونا کے دوران ملک بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کاروباری برادری کا بھی یہی مطالبہ تھا کہ ملک بند کردو، کیونکہ ساری دنیا یہی کر رہی تھی۔ خان صاحب نے کہا کہ ملک بند نہیں ہوگا، دیہاڑی دار طبقہ پریشانی کا شکار ہوجائے گا۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی سے کورونا سے بہتر انداز میں نمٹنے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا۔ آج صنعتیں ترقی کر رہی ہیں۔ سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ اسٹاک ایکسچینج، مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق رکنِ اسمبلی پر فائرنگ، ملک شاہان حاکمین قاتلانہ حملے میں جاں بحق