چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب جبکہ فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا نامزد کر دیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وہ پراعتماد ہیں کہ یہ دونوں رہنما اپنےفرائض بخوبی سرانجام دیں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے، وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات اور 2008 سے 2013 تک ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی رہے ہیں۔
سردار سلیم حیدر کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور وہ وفاقی وزیر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی رہ چکے ہیں، وہ وزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی پیدا وار بھی رہ چکے ہیں۔ وہ 2008 میں این اے 59 اٹک سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔
سردار سلیم حیدر کے مطابق انہیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر بننے کی خوشخبری سنائی۔