لاہور: مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالائق، جھوٹی اور کرپٹ حکومت تباہ شدہ معیشت پر فخریہ بیانات دیتی ہے، معیشت زمیں بوس کرنے کے بعد جھوٹ بولنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی۔ جھوٹ کی پیداوار حکومت معیشت میں بہتری کے جھوٹے دعوے کررہی ہے۔
حکومت کی معاشی پالیسیز پر تنقید کرتے ہوئے رہنما ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے اعداد و شمار کے باوجود پی ٹی آئی کی حکومت نون لیگ کے معاشی اہداف تک پہنچ نہیں پائی۔ نون لیگ نے 5 سال میں 10 ہزار ارب قرض لے کر ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے، مگر آپ نے 3 سال میں 15 ہزار ارب کا تاریخی قرض لے کر ایک نئی اینٹ تک نہیں لگائی۔
اگر حکومت اپنے دعوے میں اتنی ہی سچی ہے تو میں وزیرِ اعظم سے مطالبہ کرتی ہوں کہ عمران خان صاحب 2018ء اور 2021ء کے معاشی اعداد و شمار کا موازنہ جاری کریں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ رواں برس 4500 ارب کا ہدف پورا نہیں ہو سکا، نون لیگ کی حکومت کے آخری سال میں ایف بی آر نے 3842 ارب جمع کیئے تھے۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ آیندہ سال کے لیے 5.8 کھرب کا ہدف رکھ کر کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟
یہ بھی پڑھیں : کسان دوست پالیسیز کے سبب زراعت کا پیشہ ترقی کررہا ہے، شوکت ترین