کراچی:ڈپٹی کنوینیئر ایم کیو ایم پاکستان کنور نوید جمیل،رکن رابطہ کمیٹی شکیل احمد،چیئرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی کے ہمراہ یونین کمیٹی 29 فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں انار کلی مارکیٹ کے اطراف بلدیہ وسطی کی جانب سے جراثیم کُش ادویات کے اسپرے کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پرمیونسپل کمشنر بلدیہ وسطی محمد فہیم خان،پارلیمانی لیڈر بلدیہ وسطی محمد صابر شیخ،چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی (سینی ٹیشن) زین الحق،چیئرمین اقلیتی امور کمیٹی الیاس کھوکھر، چیئرمین یونین کمیٹی 29 فرید حسین، وائس چیئرمین فاروق اعجاز،ڈسٹرکٹ کونسلر سعد ملک،ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کنوینیئر ایم کیو ایم پاکستان کنور نوید جمیل،رکن رابطہ کمیٹی شکیل احمد،چیئرمین ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے ریسکیو عملے کے ساتھ جراثیم کُش ادویات کے اسپرے کے کام میں حصہ لیا۔
اس موقع پر کنور نوید جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پابندیاں اور سختیاں عوام کے اپنے مفاد میں ہیں۔عوام سختی سے حکومتی احکامات کی پابندی کریں، اور حکومتی اداروں سے ہر ممکنہ تعاون کریں۔
انہوں نے موذی وباء کے خلاف اگلے محاذ پر صف آراء ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، ڈی ایم سی سینٹرل کے ریسکیو عملے،سیکیورٹی ادارروں اور فلاحی تنظیموں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام لوگ اس سنگین صورتحال میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیرانسانی جانوں کی حفاظت کے لئے میدان میں موجود ہیں۔
کورونا کے خلاف چیئرمین ریحان ہاشمی اور ان کی ٹیم کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد حل قرنطینہ،سماجی فاصلے، ہاتھوں کو اچھی طرح صاف رکھناہے۔
چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ حکومت موجودہ صورتحال میں اپنی ذمہ داری پوری کرے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روز گار ہونے والے افراد کی کفالت کا فوری طور پر بندوبست کرے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت لاک ڈاؤن میں ضرورت مند افراد تک خوراک کی فراہمی کو یقینی نہیں بناسکی تو یہ حکومت کے لئے کورونا سے بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔