اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہو نگے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار ، عمر ایوب، حماد اظہر، محمد میاں سومرو، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، یوسف بیگ مرزا، شوکت ترین، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیرمین سرمایہ کاری بورڈ، چیرمین این ڈی ایم اے اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو معاشی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تعمیرات سیکٹر اور صنعتوں کو جلد ٹیکس مراعات دیے جائیں گے۔ اجلاس میں اسٹیل اور سیمنٹ کی صنعتوں کے سیلز ٹیکس کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، وزیر اعظم نے مشیر خزانہ کو اگلے ہفتے تک لائحہ عمل سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور تعمیرات سیکٹر کو مرعات دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی، وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کل 687 ایسے یونٹس ہیں جن کو فوری طور پر بحال کرنے کے لئے اقدامات کیے جاسکتے ہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔
وزیر اعظم نے بند یونٹس کی بحالی کے لیے 60 دن کے اندر منصوبہ بندی کی ہدایت کی، اور کہا یونٹس کی بحالی کے لیے قوانین اور انتظامی اصلاحات کو مکمل کیا جائے، اور پرائیویٹ سیکٹر کو ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے شامل کیا جائے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ سرمایہ کاروں کو دقت کا سامنا نہ ہو۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جب کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ سرمایہ کار کسی دقت یا ہچکچاہٹ کے بغیر سرمایہ کاری کر سکیں، مقامی سطح پر چھوٹے صنعتی یونٹس کو ترجیح دی جائے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
وزیر اعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ ایف بی آر، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور صوبائی حکومتوں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیں اور اگلے ہفتے تک رپورٹ پیش کریں۔