ملک بھر کے ہزاروں عازمین حج رقم کی ادائیگی کے بعد بھی فریضہ حج ادا نہیں کرپائیں گے جبکہ حکومت اس حوالے سے کوئی واضح جواب دینے سے گریزاں ہے۔
پاکستان میں نجی اسکیم کے تحت حج پر جانے کی امید لیے مکمل تیار بیٹھے 67 ہزار پاکستانی رواں سال حج ادا نہیں کرسکے گے۔
پرائیوٹ حج آپریٹر کی جانب سے سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ ڈیڈ لائن یعنی 14 فروری تک انتظامات مکمل نہ کرنے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی مشکل میں پھنس گئے۔
نجی حج آپریٹرز نے کہا کہ سعودی عرب کے نئے ’نسک‘ پورٹل میں عازمین کی معلومات اور رقوم کی منتقلی میں غیر معمولی تاخیر اور تکنیکی رکاوٹوں کا سامنا ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد کا سسٹم میں اندراج نہیں ہو سکا۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نجی اسکیم کے تحت جانے والے 67 ہزار حجاج کا کوٹہ بحال کروایا جائے۔
سردار یوسف نے اس حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دیا کہ پپرائیوٹ اسکیم کے تحت عازمین حج کے جانے یا نہ جانے کا کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ٹور آپریٹرز نے جو رقم ریکارڈ میں جمع کرائی ہے وہ واپس ملنا ٹور آپریٹرز کا حق ہے لیکن جو رقم ریکارڈ یا پروسیجر سے ہٹ کر ہے اس کا نقصان ٹور آپریٹرز کو بھرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 67000 عازمین کا حج کوٹہ بحال کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومتی کوششوں سے 10 ہزار کا کوٹہ بحال کروایا لیا گیا ہے ۔
دس ہزار افراد کا حج کوٹہ ملنے کے باجود پرائیویٹ حج اسکیم کے 67 ہزار عازمین حج فریضہ حج کی سعادت سے محروم ہو جائیں گے۔
وزارت حج کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ ہوا تھا کہ تمام انتظامات 14 فروری تک مکمل کیے جائیں گے لیکن پرائیویٹ حج آپریٹرز نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔
حج آرگنائزر ایسوسی ایشن آف پاکستان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے ڈیجیٹل پورٹل میں درپیش تکنیکی مسائل کے باعث اس سال تقریباً 67 ہزار پاکستانی حجاج کرام حج کی سعادت سے محروم رہ سکتے ہیں۔
پاکستان کا کل حج کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار کے قریب ہے، اس میں سے نصف کوٹہ 89605 سرکاری اسکیم کا ہے اور 89605 پرائیویٹ حج سکیم کا ہے۔
حج سروسز کے ایگریمنٹس اور ادائیگیاں شیڈول کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے سعودی حکومت نے پرائیویٹ حج سکیم کے صرف 14ہزار عازمین حج کی پیمنٹس قبول کیں۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مزید 10 ہزار عازمین حج کے لیے اجازت لے لی ہے۔وزارت مذہبی امور نے یہ 10 ہزار کا کوٹہ حج آرگنائزر کی تنظیم ہوپ کو دے دیا۔