کراچی:سینئر سیاستدان اور بزنس مین زاہد اعوان نے کہا ہے کہ اور حکومت کو چاہئے کہ فروٹ منڈی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پھلوں کے سیزن اور ان کی ترسیل پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ فروٹ منڈی کے تاجر کاروبار نہ ہونے کے باعث انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کورونائی صورتحال میں آم کا سیزن آیا ہے مگر محسوس ایسا ہوتا ہے کہ حکومتی عدم توجہ کے باعث یہ آم کا سیزن بھی تباہی کا شکار ہوجائے گا۔
زاہد اعوان نے کہا کہ پچھلے ادوار میں دیکھا جائے تو صرف آم کے کاروبار کی مد میں 1ارب روپے کا ریونیو کمایا جاتا تھا مگر اس مرتبہ آم کے ساتھ ساتھ دیگر پھلوں کا کاروبار بھی تباہی کے دہانے پر ہے۔
دوسری جانب زاہد اعوان نے کہا کہ حکومت نے تجارتی سرگرمیاں کھولنے کا حکم دیا ہے مگر سندھ میں صورتحال یکسر مختلف نظر آرہی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے تاجروں کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے، سندھ حکومت کو چاہئے کہ تاجروں کے لئے ریلیف پیکج دے تاکہ ان کے گھروں کا چولہا بھی جل سکے۔
زاہد اعوان نے کہا کہ حکومت سندھ ایس او پیز پر عمل پر کرواتے ہوئے کاروبار کھولنے کی اجاز ت دے تاکہ کاروباری حضرات اور عوام کی پریشانیوں کا مداوا ہوسکے۔