اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ینگ ڈاکٹرز کی تذلیل کے بجائے ان کو عزت دے‘جبکہ شہری کرونا کے معاملے میں مسلسل لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے‘کورونا کیسز کے اضافے کے پیش نظر حکومت کو مزید سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلی پنجاب اور وزیر صحت ینگ ڈاکٹرز سے لڑائی جھگڑے کی بجائے انکی حوصلہ افزائی کریں‘ہمارے مسیحا اصل میں ہمارے ہیروز ہیں ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومتی ترجمانوں کے منفی رویے اور پکڑ دھکڑ کی سیاست موجودہ حالات میں غیر مناسب ہے‘عمران خان اپنے ترجمانوں کو پروائنٹ سکورنگ کی بجائے زبان بندی کا مشورہ دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں آٹے،چینی اور دالیں مہنگی ہونے کا نوٹس لیں‘وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں تمام اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صدر شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق کورونا آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔حکومت شہبازشریف کی تجاویز پر تنقید کی بجائے سنجیدگی سے غور کرے۔
شہبازشریف ہنگامی حالات میں بہترین فیصلے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں‘شہبازشریف اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں۔