اسلام آباد:وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت“کراچی ٹرانسفارمیشن پلان”کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کی کامیابی کے لیے بااختیار اور موثر نظام تشکیل دیا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، شبلی فراز،امین الحق، علی زیدی اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل شریک تھے، اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں، بدقسمتی سے ماضی میں ان مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے کراچی کے عوام کو مسائل سے دوچار کیا جس کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منتقسم ہونا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے حکم دیا کہ واٹر سپلائی اسکیم، سیوریج ٹریٹمنٹ اینڈ ڈسپوزل، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق اختیارات ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ کو تفویض کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کی کامیابی کیلیے بااختیار موثر نظام تشکیل دیا جائے، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت مختلف منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز میں عمل درآمد یقینی بنایاجائے۔