اسلام آباد: تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت نے شہرِ اقتدار کی پولیس سے قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کہاں کہاں منشیات فروش اور قبضہ مافیا موجود ہیں انتظامیہ اور پولیس سے الگ بریفنگ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزارت داخلہ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ نے اسلام آباد میں قبضہ مافیا سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزارتِ داخلہ ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ نے وفاقی پولیس سے الگ تھانوں میں قبضہ مافیا سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسپیشل برانچ کی رپورٹ میں اسلام آباد کے الگ الگ تھانوں سے متعلق منشیات اور قبضہ مافیا سے متعلق بیان کیا گیا ہے جس پر وفاقی پولیس اور دیگر ذرائع سے رپورٹ طلبی کا فیصلہ کیا گیا۔
شہرِ اقتدار میں جہاں قبضہ مافیا سرگرم ہے اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نام پر عام شہریوں کی زمینوں پر قبضہ کیا گیا ہے تمام تر تفصیلات منگوا لی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 اگست تک پولیس ، وفاقی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی جانب سے مفصل رپورٹ بھجوائے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ کی احسان اللہ احسان کے فرار کی تصدیق