اسلام آباد: حکومت نے نئے سال کے آخری روز اور نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ اور موٹر سائیکل اور کار ریسنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سالِ نو کے نام پر ہر سال منچلے نوجوان کاروں اور موٹر سائیکلز پر سوار ہو کر ریسنگ کرتے ہیں اور ون ویلنگ بھی کی جاتی ہے، تاہم رواں برس حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے سال کی خوشی مناتے ہوئے کوئی سڑک بند نہیں ہوگی۔
ہیوی ٹریفک کو کراچی میں شام 6 بجے سے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔ فائرنگ نہ کرنے والوں کو بھی کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ سندھ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بائیک ریسنگ، کار ریسنگ اور ون ویلنگ سمیت دیگر غیر قانونی افعال میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے کمر کس لی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے کراچی پولیس آفس میں فائرنگ کے واقعات کو مانیٹر کرنے کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی۔
پولیس حکام کی جانب سے گزشتہ روز عوام سے اپیل کی گئی کہ اپنے آس پاس نظر رکھیں اور نیوائیر نائٹ پر فائرنگ میں ملوث عناصر کی ویڈیو بنا کر دیئے گئے نمبر پر پر بھیجیں۔شکایت موصول ہونے پر بلا امتیاز فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
مزید پڑھیں: نیوائیر نائٹ پر فائرنگ کے واقعات مانیٹر کرنے کیلئے ٹیم تشکیل