اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر تفتیش کیلئے کینیا جانے والی تحقیقاتی ٹیم میں تبدیلی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے تحقیقات کیلئے فوری کینیا جانے والی ٹیم میں تبدیلی کیلئے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ ٹیم کے اراکین کم کردئیے گئے۔
ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی، پوسٹ مارٹم دوبارہ کرانیکا فیصلہ
وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم جو پہلے 3 اراکین پر مشتمل تھی، اس میں ایف آئی اے اور آئی بی کے 2 افسران کو شامل کیا گیا ہے۔
حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے عمر شاہد حامد اور ایف آئی اے کے اطہر وحید کو تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں افسران ارشد شریف قتل کی تحقیقات کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل معروف ٹی وی میزبان و سینئر صحافی ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی جبکہ جسدِ خاکی کا پوسٹ مارٹم دوبارہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ شب ارشد شریف کی میت لانے والا طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا۔ میت نجی ہسپتال کے سرد خانے میں منتقل کردی گئی۔ ارشد شریف کے لواحقین ائیرپورٹ اور نجی ہسپتال میں بھی موجود رہے۔
منگل کے روز ارشد شریف کا جسدِ خاکی لانے والے طیارے کی پرواز نمبر کیو آر 1342 نیروبی سے 3 بج کر 14 منٹ پر روانہ ہوئی تھی۔ ارشد شریف کی نمازِ جنازہ جمعرات کو دن 2 بجے شاہ فیصل مسجد میں ادا ہوگی۔