اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 9 اور 10 محرم کو عاشورہ کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام 1446 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کے باعث نئے اسلامی سال کا آغاز 8 جولائی بروز پیر کو یکم محرم سے ہوا۔ یومِ عاشورہ بدھ کے روز 17 جولائی کو ہوگا۔ 16اور 17 جولائی کو تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے 16 اور 17 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اس سے قبل ملک بھر میں سکیورٹی کی صورتحال کے پیشِ نظر عاشورہ کے جلسوں کی سکیورتی کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔
قبل ازیں محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی اجلاس ہفتے کی شام 7 بجے کوئٹہ میں ہوا جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اعلان کیا گیا کہ محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، اس لیے عاشورہ محرم 17جولائی کو ہوگا۔
وفاقی حکومت نے پہلے ہی سال 2024 کی سرکاری تعطیلات کی فہرست میں 16 جولائی اور 17 جولائی کو عاشورہ کی تعطیلات کے طور پر شامل کردیا تھا۔
اسلامی تاریخ میں حرمت والے مہینے محرم کے سب سے خاص دن 9 اور 10 محرم جنہیں عاشورہ بھی کہا جاتا ہے یہ دن مسلمانوں کیلئے انتہائی خاص ہیں، جو کہ پیغمبر اسلام ﷺ کے نواسے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور 72جانثاروں کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
ہر سال ایامِ عاشور کیلئے خصوصی تیاریاں کی جاتی ہیں، حکومت کی جانب سے ماتمی جلوسوں، مجالس اور مجالس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں۔ علمائے کرام اور ذاکرین یومِ عاشور کے جلوسوں میں کربلا کی تاریخ بیان کرتے ہیں۔