اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 70 لاکھ دیہاڑی دار جو روز کھاتے روز کماتے ہیں کو ماہانہ 3 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کے زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کے بعد غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی، روز مرہ استعمال کی اشیاء کی خریداری اور یوٹیلیٹی اسٹورز اور فلاحی اداروں کو راشن خریدنے پر ریلیف دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملک میں پھیلے خطرناک کورونا کے پیش نظر عمران خان نے بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد جو روزانہ کی بنیاد پر کھاتے کماتے ہیں کو 3 ہزار روپے ماہانہ دئیے جائیں گے، جبکہ ایکسپورٹرز کے لئے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظور کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ملکی صورت حال اور کورونا کے بڑھتے کیسز پر مسلسل نظر رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں غریب اور پسے ہوئے طبقے پر نظر رکھیں، دہاڑی دار افراد کو مسائل نہیں ہونے چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل تعمیراتی انڈسٹری کے لئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے اور تعمیراتی انڈسٹری کے لئے بڑا ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔