عید کی خوشی میں عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی سرکاری قیمت 245 روپے کے بجائے 241 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔
اس کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 2893 روپے سے کم ہو کر 2838 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 11130 روپے کے بجائے اب 10920 روپے میں دستیاب ہوگا۔
عرفان کھوکھر نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے لیے عید کا تحفہ ہے، تاہم انہوں نے ایل پی جی کی ترسیل اور قیمتوں کے تعین سے متعلق موجودہ نظام پر شدید تنقید بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی دوکاندار گھر پر نہیں بناتا، اصل مسئلہ پلانٹ اور مافیا کے درمیان ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ غریب دوکانداروں کے خلاف کارروائیاں فوری بند کی جائیں اور حکومت ایل پی جی پلانٹس سے سرکاری قیمت کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت طاقتور مافیا کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہے اور دوکانداروں کے بجائے اصل مجرموں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
عرفان کھوکھر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایل پی جی مافیا کو لگام ڈالے اور عام صارف تک سرکاری نرخ پر گیس کی دستیابی یقینی بنائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔