نیو یارک: دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے 76ویں یومِ آزادی کے موقعے پر اپنا ڈوڈل تبدیل کرکے سندھ کی ڈولفن کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال گوگل یومِ آزادی کے موقعے پر پاکستان کو مبارکباد دینے کیلئے نئے ڈوڈل کا استعمال کرتا ہے۔ پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک کیلئے مختلف مواقع پر الگ الگ ڈوڈل تیار کیے جاتے ہیں۔
گوگل نے ڈاکومنٹس کیلئے برقی دستخط کا فیچر متعارف کردیا
آج منائے جانے والے یومِ آزادی کے موقعے پر گوگل نے ڈوڈل آرٹ ورک میں دانتوں والی انڈس ڈولفن کی نمائش کی جو دریائے سندھ میں معدومیت کے خدشات سے دوچار ہے۔
دریائے سندھ میں پائی جانے والی اس مخصوص ڈولفن کو نابینا ڈولفن بھی کہا جاتا ہے جبکہ تکنیکی و جینیاتی اعتبار سے ڈولفن کی یہ قسم حسِ بصارت رکھتی ہے تاہم دریاؤں میں آلودگی کے باعث کچھ بھی دیکھنے سے قاصر رہتی ہے۔
عالمی سطح پر گوگل کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں جسے انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سرچ انجن کی حیثیت حاصل ہے۔ گوگل کی جانب سے پاکستان کیلئے ڈوڈل بنائے جانے کا سلسلہ 2011 سے جاری ہے۔