پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں آج مایہ ناز مصنف اور ادیب سعادت حسن منٹوکا 108واں یومِ پیدائش منایا جارہا ہے جبکہ اس موقعے پر گوگل نے ان کی خدمات کے اعتراف میں نیا ڈوڈل جاری کردیا ہے۔
دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سرچ انجن گوگل نے اردو زبان کے مایہ ناز ادیب کے 108ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر ان کی تصویر اور گوگل کے نام کے حسین امتزاج کے ساتھ ایک ڈوڈل شائع کیا ہے جو آج سارا دن گوگل کی زینت بنا رہے گا۔
سرچ انجن گوگل کے نام پر کرسر لے جا کر تھوڑی دیر تک روک لیا جائے تو عوام کو بتایا جاتا ہے کہ آج سعادت حسن منٹو کا 108واں یومِ پیدائش ہے جبکہ اگر ڈوڈل پر کلک کیا جائے تو یہ آپ کو سعادت حسن منٹو کے حالاتِ زندگی پر تحریر کردہ وکی پیڈیا کے مضمون تک لےجاتا ہے۔
یاد رہے کہ مایہ ناز ادیب اور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے مداح پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ان کا 108واں یومِ پیدائش منا رہے ہیں جبکہ محض 43 سال کی عمر میں انتقال کرنے والے سعادت حسن منٹو نے دنیائے ادب پر گہرے نقوش چھوڑے۔
آج سے تقریباً 65 سال قبل دارِ فانی کو الوداع کہنے والے سعادت حسن منٹو کی ادبی تخلیقات آج بھی دنیائے فن کے مایہ ناز اذہان کو دعوتِ فکر دیتی ہیں جبکہ انہوں نے ایسے مضامین، افسانے اور خاکے تحریر کیے جن کی اہمیت سے آج بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔
مزید پڑھیں: سعادت حسن منٹو کا 108واں یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے