آرٹ فیسٹ 2024 کی اختتامی تقریب میں وزیر ثقافت و امور نوجوانان سندھ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے سندھ آرکائیوز آن ایپ، سروے آف انڈس رورو کی ری پرنٹنگ اور سندھ یوتھ نیکسس ایپ کا افتتاح کردیا۔
سندھ آرکائیوز آن ایپ اور سندھ یوتھ نیکسس ایپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیر ثقافت سمیت سلطنتِ عُمان کے قونصل جنرل سمیع عبداللہ سالم ال خنجیری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب میں اسمارٹ فون انڈروئیڈ ایپ سندھ یوتھ نیکسس کا بھی افتتاح کیا گیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں نوجوانوں کی آبادی تین کروڑ کے قریب ہے، نوجوانوں کی رہنمائی، پیشہ ورانہ امور، روزگار کے مواقع مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ موبائل ایپ سے نوجوانوں کاروبار کے حوالے سے اپنے آئیڈیاز شیئر کرسکتے ہیں، حکومت مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ یوتھ نیکسس کو مختلف اداروں سے جوڑا گیا ہے، اس پر نوجوان اپنی سی وی جمع کر سکتے ہیں جس روزگار کی تلاش میں ان کو آسانی ہوگی۔ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ ہمیں ڈجیٹل انفارمیشن ذرائع پر جانا ہوگا۔
تقریب میں آگاہی دی گئی کہ سندھ آرکائیوز آن لائین پورٹل پر ساڑھے چار لاکھ سے زائد کیٹلاگ اپ لوڈ ہوچکی ہیں۔

تقریب کے آخر میں آرٹ فیسٹ 2024 نمائش کے اختتام پر آرٹسٹس میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں کیش پرائز بھی تقسیم کیے گئے۔ آرٹ فیسٹ نمائش چار روز تک جاری رہی، جس میں پاکستان بھر سے نامور آرٹسٹس نے حصہ لیا، نمائش میں ماحولیاتی تبدیلی اور دھرتی پر ہونے والے اثرات کو آرٹسٹ نے توجہ کا مرکز بنایا تھا۔