کویت سٹی:وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح سے ملاقات کی، دونوں کے درمیان ہونے والا ملاقات میں پاکستانی شہریوں کے لیے 2011 سے بند کویتی ویزے کی بحالی پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اس دوطرفہ ملاقات میں پاکستان و کویت تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیراعظم سے ویزے کی بحالی پر بات چیت کی اورانہیں وزیراعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد اور کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح کے ہمراہ ہونے والی ملاقات میں پاکستانی سفیر بھی موجود تھے، کویتی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکی ملاقات میں اہم معاملات پر پیش رفت اور فیصلے بھی کیے گئے۔
کویت کی جانب سے اہم اقدام کیا گیا،پاکستانی شہریوں کے لیے 2011 سے بند فیملی اور بزنس ویزے فوری بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اورپاکستانی ورکرز کو بھی معاہدے کے مطابق کویتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔جس کے باعث پاکستانی وہاں جاکر ملازمتیں کرسکیں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں۔ باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے۔
تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔ پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی مزدور کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ اور کاروباری ویزے بحال ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بھی فروغ پائے گی۔
کویت کے وزیر اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میڈیکل اورآئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی اب آن لائن ویزا لے کر کویت آسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں۔ اوردونوں ملکوں کی عوام کے درمیان پیاراوراعتماد کا رشتہ ہے۔