معروف ترک اداکار انگین آلتان دوزیاتان کی نئی خیالی فلم ٹیٹے اینڈ فیری ٹیل، دی لینڈ آف ڈریمز 24 جنوری کو ریلیز ہوگی۔
یہ فلم ہندے ارتاش اور امرہ ارتاش کی پروڈکشن ہے جو ساتر فلم یاپم کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔ فلم کی کہانی ایک نوجوان لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی دادی کی بیماری کا علاج تلاش کرنے کے لیے ایک جادوئی سفر پر نکلتی ہے۔
اس فلم کی ہدایتکاری تمیر سرکیچیوغلو نے کی ہے اور اس میں ترک ستاروں کا شاندار انتخاب شامل ہے، جن میں مرت ترک، ادا ایرما، فریحہ ایوجن اور پلین کاراہان شامل ہیں۔
انگین آلتان دوزیاتان جو ارطغرل غازی کے کردار کے لیے عالمی شہرت رکھتے ہیں، اس فلم میں ایک وائی کنگ بادشاہ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اداکار کا کہنا ہے کہ یہ کردار ان کے لیے بےحد دلچسپ رہا اور خیالی دنیا کا حصہ بننا ایک منفرد تجربہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جادوئی کہانی دیکھنے والوں کو ایک رنگین اور جذباتی دنیا میں لے جاتی ہے جو تخیل کی حدود کو بڑھا دیتی ہے۔ یہ فلم بچوں اور ان تمام افراد کے لیے ہے جو اپنے اندر کے بچے کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔
انگین آلتان دوزیاتان نے بتایا کہ اس فلم کا حصہ بننے کی ایک ذاتی وجہ ان کے اپنے بچوں کے لیے ایک یادگار تجربہ تخلیق کرنا تھا۔ ان کے مطابق میرے بچوں کے لیے یہ دیکھنا کہ ان کا والد ایک ایسی فلم کا حصہ ہے، بہت خاص ہوگا۔”
روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھاڈانی کی نئی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی
فلم میں مرت ترک، ادا ایرما، فریحہ ایوجن، پلین کاراہان، کرم جم، جان کزلتوغ، انجی ترکائے، جیس مولہو، سینان ادیگوزل، ہلدون ڈورمین، میرال چتنکایا اور الطان ایرکیکلی شامل ہیں۔
اس فلم کی کہانی اور اس کا ڈیزائن امرہ ارتاش نے تیار کیا ہے، جس میں خیالی عناصر کو جذباتی موضوعات کے ساتھ ملایا گیا ہے، جو بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے پرکشش ہے۔
انگین آلتان دوزیاتان نے اپنے کیریئر کا آغاز 1996 میں ڈوکوز ایلول یونیورسٹی سے تھیٹر میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد مختلف ٹی وی سیریز اور فلموں سے کیا۔
انہیں 2014 سے 2019 کے دوران نشر ہونے والی تاریخی ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے ذریعے عالمی شہرت حاصل ہوئی جس میں ان کی بہترین اداکاری کو بےحد سراہا گیا۔