پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج 18 اپریل 2025 کو “گڈ فرائیڈے” مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور روحانی فکر کے ساتھ منا رہی ہے۔
اس دن کی اہمیت حضرت یسوع مسیح کی صلیبی قربانی سے جڑی ہوئی ہے، جب انہوں نے انسانیت کے گناہوں کے کفارے کے لیے صلیب پر جان دی۔ یہ دن مسیحی کیلنڈر میں ایک غمگین مگر روحانی لحاظ سے انتہائی اہم موقع تصور کیا جاتا ہے۔
پاکستان کے تمام بڑے شہروں بشمول کراچی، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور میں گرجا گھروں میں عبادات اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
گڈ فرائیڈے کے بعد مسیحی برادری ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب “ایسٹر” کی تیاریوں میں مصروف ہو جائے گی، جو 20 اپریل کو منایا جائے گا۔ ایسٹر حضرت یسوع مسیح کی قیامت کا دن ہے، جب وہ صلیب پر جان دینے کے تیسرے روز مُردوں میں سے جی اُٹھے۔ اس دن کو “عید قیامت المسیح” اور “عید پاشکا” کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ ایسٹر سے قبل چالیس دن کا روزہ رکھا جاتا ہے، جسے “لینٹ” کہا جاتا ہے۔
سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں گرجا گھروں اور ایسٹر کی تقریبات کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر مکمل امن و امان یقینی بنایا جائے۔ پولیس، رینجرز، اور دیگر ادارے گرجا گھروں کے باہر تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک بشمول امریکا، برطانیہ، کینیڈا، یورپ، آسٹریلیا، اور افریقی ممالک میں بھی گڈ فرائیڈے کے موقع پر عام تعطیل ہوتی ہے جہاں لاکھوں مسیحی افراد گرجا گھروں کا رُخ کرتے ہیں۔ ویٹی کن سٹی میں پوپ فرانسس کی قیادت میں خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں دنیا بھر کے لیے دعا کی گئی۔