کراچی:عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 12 ڈالر کی کمی سے 1794 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتیں بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہیں۔
جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 110000 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 94307 روپے پر مستحکم رہی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1430 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے1226روپے پر مستحکم رہی ہے۔
دوسری جانب روپے کے مقابلے ڈالر تقریبا ًایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ڈالر مہنگا ہونے سے پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق روپیہ مستقل اپنی قدر کھو رہا ہے جبکہ ڈالر دن بہ دن جان پکڑ رہا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ آٹھ پیسے اضافے سے تقریبا ایک سال کی بلند ترین سطح پر 166 روپے 28 پیسے پر بند ہوا۔
اس سے قبل ڈالر کی یہ قیمت ستمبر 2020 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔دوسری جانب مئی 2021 سے اب تک ڈالر کے مقابلے روپیہ 9 فیصد یعنی 14 روپے سے زائد گرچکا ہے۔ ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 1540 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: روپے کے مقابلے ڈالر کی اُونچی اُڑان، اشیائے خوردنوش کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ