پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے جو عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
جمعرات کے روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 20 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1543 روپے کا اضافہ ہواجس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 34 روپے مقرر کی گئی۔یہ معلومات آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن نے فراہم کیں۔
اس سے قبل بدھ کے روز بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد یہ 3 لاکھ 19 ہزار روپے فی تولہ کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔
عالمی منڈی میں بھی جمعرات کو سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3050 ڈالر فی اونس (20 ڈالر کے اضافی پریمیم سمیت) ہو گئی جو کہ روزانہ کی بنیاد پر 12 ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں 31 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد چاندی کی نئی قیمت 3524 روپے فی تولہ مقرر کی گئی۔