آسٹریلیا کے اسٹار بلے باز گلین میکسویل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کی وجہ بتادی۔
گلین میکسویل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شاید آئی پی ایل وہ آخری ٹورنامنٹ ہو گا جو میں اپنی زندگی میں کھیلوں گا کیونکہ میں آئی پی ایل اس وقت تک کھیلتا رہوں گا جب تک چلنے کے قابل ہوں۔
آسٹریلوی کھلاڑی نے کہا دو ماہ تک آپ ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھیلتے ہیں، دوسرے میچز دیکھتے ہوئے ان سے گفتگو کرتے ہیں، یہ سیکھنے کا سب سے بڑا تجربہ ہے جس کی ہر کھلاڑی کو چاہت ہوتی ہے۔
گلین نے کہا کہ میرے پورے کیریئر میں آئی پی ایل میرے لیے کافی اچھا رہا ہے، جن لوگوں سے میں ملا ہوں، جن کوچز کے ساتھ میں کھیل چکا ہوں وہ سب شاندار تھے۔
وہ بین الاقوامی کھلاڑی جو آپ کے ساتھ ٹیم میں ہوتے ہیں ان کے ساتھ کافی اچھا تجربہ ہوتا ہے، یہ ٹورنامنٹ میرے پورے کیریئر کے لیے بہت فائدہ مند رہا۔