اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بکھر کر رہ گئی ہے، کوئی بھی اس اتحاد کو سہارا نہیں دے سکتا، ووٹ کو عزت دینے والوں کے دور میں تین سال میں 23کابینہ اجلاس ہوئے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین تحریک انصاف کی انتخابی اصلاحات کا اہم حصہ ہے۔
الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیزکو قومی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں،کورونا کے حوالے سے طبی امداد اور ادویات بوسنیا بھجوائیں گے،ٹی ایل پی کی پابندی ختم کرنے کی درخواست ریویو کمیٹی کو بھجوا دی ہے۔
سی پیک سے منسلک چینی باشندوں کو 2 سال کے لیے ورک انٹری ویزا، چین میں پاکستانی مشن کی جانب سے 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا،سیکیورٹی کلیئرنس لازمی طور پر 30 دنوں میں کرلی جائے گی۔
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایاکہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا پیپر لیس اجلاس منعقد ہوا،انہوں نے کابینہ کے اجلاس سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس برس میں 226کابینہ کے اجلاس ہوچکے۔
پیپلز پارٹی نے 67اجلاس منعقد کئے جبکہ ووٹ کو عزت دینے والوں کے دور میں تین سال میں 23کابینہ اجلاس ہوئے،پاکستان کی تاریخ میں کابینہ کے سب سے زیادہ اجلاس اس حکومت میں ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملک معاشی سطح پر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے،فلسطین کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوششوں کو سراہا گیا،مسئلہ کشمیر پر ہونیوالی پیش رفت پر بھی وزیر خارجہ اور انکی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تحریک انصاف کی انتخابی اصلاحات کا اہم حصہ ہے،وکلاء اور صحافتی تنظیموں نے انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ اوور سیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے،الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیزکو قومی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے کورونا کے حوالے سے طبی امداد اور ادویات بوسنیا بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کابینہ نے این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی عارضی ذمہ داریاں محمد ایوب کو دینے کی منظوری دی۔