پاکستانی اداکارہ غنا علی نے حال ہی میں ایک لکھ پتی شخصیت سے شادی کی تاہم سوشل میڈیا پر یہ تکلیف دہ افواہ پھیلی ہوئی ہے کہ عمیر گلزارپہلے سے شادی شدہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بعض سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ عمیر گلزار پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں تاہم اس حوالے سے اداکارہ غنا علی کا مؤقف سامنے نہیں آیا جو تصاویر میں اپنے شوہر کے ہمراہ خوش نظر آتی ہیں۔
تاحال اداکارہ غنا علی کی عمیر گلزار سے شادی سوشل میڈیا صارفین کیلئے ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔ پہلے تو مداحوں نے غنا کے شریکِ حیات کو انکل کہا اور اب اداکارہ پر کسی دوسری خاتونِ خانہ کا گھر توڑنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔
شہرِ قائد سے تعلق رکھنے والے عمیر گلزار بظاہر ایک لکھ پتی شخصیت نظر آتے ہیں جن کے متعلق سوشل میڈیا پر یہ خبر پھیلی ہوئی ہے کہ وہ پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں اور غنا ان کی دوسری بیوی ہیں۔
بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ عمیر گلزار نہ صرف شادی شدہ ہیں بلکہ پہلی شریکِ حیات سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ یہ دعویٰ سب سے پہلے سید عبید نامی فیس بک صارف نے کیا۔
سید عبید نے کہا کہ یہ جاننا بہت تکلیف دہ اور پریشان کن ہے کہ ہمارے معاشرے کے طاقتور افراد کیا کرسکتے ہیں۔ کراچی کی لکھ پتی شخصیت عمیر گلزار کو ان کی بیوی اور بیٹے کے ہمراہ ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمیر گلزار نے غنا علی سے پینگیں بڑھائیں اور دونوں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیل گئیں جبکہ عمیر کی پہلی بیگم اور بچے کو کچھ پتہ نہیں تھا کہ کیا ہورہا ہے۔ کیا پہلی بیوی کے علم میں لائے بغیر دوسری شادی قانونی ہے؟
سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق عمیر گلزار اپنی پہلی شریکِ حیات کے ساتھ 5 سال رہے اور ان کا ایک بچہ بھی ہے۔ تاہم غنا علی اور عمیر کی جانب سے تاحال پہلی مبینہ بیوی کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔
یہ بھی پڑھیں: مزاحیہ جملوں سے بھرپور فرینڈز ری یونین کا ٹریلر ریلیز، مداحوں کا اظہارِ مسرت