حال ہی میں متنازعہ کاروباری شخصیت سے شادی کرنے والی اداکارہ غنا علی نے مداحوں کو بے جا نکتہ چینی سے باز رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے جو پہننا تھا، پہن لیا، آپ فیشن کو نہیں سمجھ سکتے تو تنقید نہ کریں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ غنا علی نے کہا کہ فنکار برادری کی جو خواہش ہوئی، انہوں نے پہن لیا، ان پر ہر کوئی تنقید نہ کرے۔
پیغام میں اداکارہ غنا علی نے کہا کہ ایک دو لوگ فیشن پر تنقید کرنے والے بن جائیں تو سمجھ میں آتا ہے جن کے بیانات لوگ پڑھتے ہوں، یہاں تو سب ہی شروع ہو گئے ہیں۔
اداکارہ غنا علی نے کہا کہ کم از کم وہ لوگ بات نہ کریں جن کی اپنی فیشن کے متعلق سوجھ بوجھ صفر ہے اور نیون پہننے کو ہی فیشن سمجھ لیتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کیلئے ہم اسٹائل ایوارڈز تنقید کا گرما گرم موضوع بنا ہوا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ شوبز سے تعلق رکھنے والی خواتین نے حیا سوز لباس پہن کر مشرقیت گنوا دی۔
بہت سے لوگوں نے خواتین فنکاروں کو زیادہ سے زیادہ جسمانی نمائش پر تنقید کا نشانہ بنایا تاہم کچھ اداکاروں نے ہم اسٹائل ایوارڈز میں حصہ لینے والے فنکاروں کی حمایت کی ہے۔
حمایت کرنے والوں میں اداکارہ ارمینا خان اور متھیرا بھی شامل ہیں۔ ارمینا نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم اسٹائل ایوارڈز میں نظر آنے والے تمام فنکار بڑے خوبصورت لگ رہے تھے۔
ارمینا خان نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنا بند کردیں۔ ثقافت اور مذہب فیشن سے ہٹ کر کسی اور دن کا موضوع ہیں جن پر فی الحال گفتگو نہیں ہونی چاہئے۔
https://twitter.com/ArmeenaRK/status/1412004531035062274
اس بحث میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے اداکارہ متھیرا نے کہا کہ لوگ گھر پر بیٹھ کر دوسرے لوگوں کو ان کے لباس پر برا بھلا کہہ رہے ہیں۔ خواتین کا حق ہے کہ وہ پہنیں جو ان پر جچتا ہو۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ عائشہ عمر اور مومل شیخ کی ہم ایوارڈز میں شرکت اور ایونٹ کے دوران ہنسی کے تبادلے پر دونوں فنکاروں کو داد دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کس فلم نے دلیپ کمار کو بالی ووڈ کا ٹریجیڈی کنگ بنا دیا؟