کراچی کے علاقے محمود آباد میں گیزر پھٹنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ راہگیر خاتون اور میاں بیوی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمودآباد کے علاقے دو نمبر مکان نمبر سی 94 میں واقع گھر میں گیزر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔
گھر کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق اور میاں بیوی اور گلی سے گزرنے والی خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ جبکہ گیزر پھٹنے کی آواز اتنی شدید تھی کہ علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو ایمبولینس کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پہلے جناح بعدازاں سول اسپتال منتقل کیا۔
بعدازاں پولیس کے مطابق اسپتال میں ہلاک شخص کی شناخت 46 سالہ راجا کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ہندو ہے اور واقعہ کے وقت گلی میں بیٹھا تھا،زخمیوں میں 33 سالہ عمیر قریشی ولد ابراہیم، 30 سالہ صدف زوجہ عمیر قریشی اور 65 سالہ نسیم بانو زوجہ عابد حسین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں 5 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا درندہ صفت ملزم گرفتار