موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے جرمنی کا پاکستان کو 12 کروڑ یورو دینے کا وعدہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

برلن: جرمنی نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 12 کروڑ یورو دینے کا وعدہ کیا ہے۔

جرمنی کے شہر برلن میں پیٹرزبرگ کلائمیٹ ڈائیلاگ کے موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے جرمنی کی وفاقی وزارت اقتصادی تعاون کے ایک وفد کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔

ملاقات میں گفتگو تین اہم موضوعات پر مرکوز رہی جس میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے بہتر تحفظ، قابل تجدید توانائی کے لیے پائیدار انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی دھچکوں کا سامنا کرنے والے کمزور طبقات کی مدد کے لیے سماجی تحفظ کے پروگرام کو وسعت دینا شامل تھا۔

جرمن وزیر اقتصادی تعاون اور ترقی سوینجا شولز نے وعدہ کیا کہ جرمنی ان اقدامات میں تعاون کے لیے پاکستان کو 12کورڑ یورو کی امداد فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:

اسرائیل نے حج کی براہ راست پروازوں کیلئے سعودی عرب کو درخواست جمع کرادی

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے تکنیکی حل کے ساتھ ساتھ یہ بھی اہم ہے کہ مستقبل میں موسم کے شدید اثرات سے بہتر طریقے سے نمٹنے کے لیے معاشروں کو تیار کیا جائے۔

شیری رحمن نے جرمنی کا شکریہ ادا کیا اورکہا اس اقدام کے ذریعے پاکستان کو موسمیاتی خطرات کی تشخیص، ملک کے مختلف حصوں میں آب و ہوا کے خطرات کی پروفائلنگ، موسمیاتی تعلیم کی مرکزی حیثیت میں شمولیت کے لیے صلاحیت کی تعمیر میں مدد ملے گی۔

اختتام پر پاکستان میں توانائی کے تحفظ کے لیے گرین ہائیڈروجن کے امکانات سمیت مستقبل میں تعاون کے دیگر ممکنہ شعبوں پر بات چیت بھی ہوئی۔

وزراء نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے امکانات کے بارے میں امید ظاہر کی۔

Related Posts