راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر چین کے 4روزہ سرکاری دورے کیلئے بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف دو طرفہ عسکری تعلقات کو فروغ دینے کیلئے چین کے 4 روزہ دورے پر بیجنگ گزشتہ شب پہنچے۔ ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) نے باضابطہ بیان جاری کردیا۔
آرمی چیف نے سرحد پر تعینات جوانوں کیساتھ عید منائی
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر چین کے 4روزہ سرکاری دورے کیلئے بیجنگ پہنچے ہیں۔ دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کا دورۂ چین پاک چین دوستی اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر 4روزہ دورے کے دوران چین کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں کے دوران پاک چین دوستی، دوطرفہ معاشی و عسکری تعلقات اور خطے کے امن و سلامتی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ پاک چین دوستی طویل عرصے سے آزمائش کے ہر چیلنج کا سامنا کرتی آئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر تعینات جوانوں کیساتھ عید منائی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدم کچھ نہیں۔