اسلام آباد:وزیر زراعت گلگت بلتستان حاجی جانباز خان کورونا سے انتقال کرگئے، حاجی جانباز خان سٹی اسپتال گلگت میں زیر علاج تھے، محکمہ صحت گلگت بلتستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا کہ حاجی جانباز خان گزشتہ 4 روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے اور طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر کی سہولت فراہم کی گئی تھی لیکن ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
ڈاکٹر شاہ زمان کے مطابق کچھ دنوں قبل انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا، ان کی رپورٹ مثبت آئی تھی، ان کی طبیعت اچانک اتنی خراب ہوگئی تھی کہ انہیں آئیسولیشن سینٹر بھی منتقل نہیں کیا جاسکا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سٹی اسپتال گلگت میں سابق اسپیکر اسمبلی ملک محمد مسکین بھی کورونا وائرس کی وجہ سے زیر علاج ہیں اور ان کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں متعدد سیاستدان کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں، اس میں تقریباً ساری جماعتوں کے افراد کے شامل ہیں، جبکہ مختلف سیاسی پارٹیوں کی سینئر قیادت بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہے۔