آج جنوبی افریقہ میں محسن ہینڈرکس نامی ایک ایسے متنازع مسلمان امام مسجد کو قتل کردیا گیا جو علانیہ ہم جنس پرست تھا، آئیے جانتے ہیں یہ شخص کون تھا اور اس نے کہاں سے تعلیم پائی تھی۔
ہم جنس پرستوں کی ایک ویب سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق محسن ہینڈرکس 1970 میں جنوبی افریقی شہر کیپ ٹاؤن کے ایک مذہبی مسلم خاندان میں پیدا ہوئے۔
ویب سائٹ کے مطابق ہینڈرکس کے دادا امام مسجد، والد ایک روحانی معالج اور والدہ مذہبی معلمہ تھیں۔ معلومات کے مطابق محسن ہینڈرکس نے کیپ ٹاؤن میں ہی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔
بعد ازاں 1990 میں انہوں نے مزید دینی اور اسلامی تعلیم کیلئے پاکستان کا رخ کیا، جہاں انہوں نے 1994 تک کراچی کے ایک دینی مدرسے جامعہ داراسات الاسلامیہ سے عربی زبان اور درس نظامی کی تعلیم حاصل کی۔
تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ کیپ ٹاؤن واپس گئے اور مقامی مسجد میں جز وقتی امام بن گئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے تین دیگر مساجد میں تدریس بھی کی اور عربی زبان کے ایک معلم کے طور پر اپنی شناخت بنائی۔
ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ 23 سال کی عمر میں محسن کی ایک خاتون کے ساتھ ارینج میرج ہوئی، تاہم شادی کی تقریب سے کچھ دن پہلے انہوں نے اپنی ہونے والی بیوی سے اپنے جنسی رجحان کا ذکر کیا۔
ویب سائٹ کے مطابق محسن کے جنسی رجحان کے متعلق جان کر پہلے تو ان کی بیوی کو سخت غصہ آیا، تاہم پھر اس نے ان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا اور “مسئلہ حل کرنے” کی کوشش کی تاکہ شادی کامیاب ہو سکے۔
یہ شادی زیادہ عرصہ نہیں چل سکی اور چھ سال میں تین بچوں کے بعد محسن اور ان کی بیوی نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد سے محسن اپنے ہم جنس پارٹنر کے ساتھ رہتے تھے۔
واضح رہے کہ کراچی میں واقع جامعہ دراسات الاسلامیہ ایک موقر دینی درسگاہ ہے۔ اس دینی جامعہ کا ریفرنس بطور حوالہ دیے گئے لنک میں شامل ہے۔