کراچی :سائٹ ایسوسی ایشن صدر عبدالہادی نے کہا ہے کہ سائٹ ایریا کی 42صنعتوں کے کپٹیو پاور پلانٹس کے گیس کنکشن منقطع کیے گئے تھے، نئی سرمایہ کاری، صنعتوں، برآمدات کے فروغ کے لیے صنعتی یونٹس کو گیس کی بلاناغہ فراہمی انتہائی ضروری ہے۔
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے حکومتی وعدے کے مطابق سائٹ صنعتی ایریا میں واقع صنعتوں کے منقطع کیے گئے گیس کنکشنز بحال کرنے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ نئی سرمایہ کاری، صنعتوں کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے پیداواری یونٹس کو گیس کی بلاناغہ فراہمی انتہائی ضروری ہے تاکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سائٹ ایریا کی 42 صنعتوں کے گیس کنکشنزمنقطع کیے گئے تھے جس سے پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں تاہم گورنر ہاؤس سندھ میں صنعتکاروں کے ساتھ بلائے گئے اجلاسوں میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی موجودگی میں صنعتوں کے کاٹے گئے گیس کنکشنز بحال کرنے کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی یہ یقین دہانی کروائی تھی کی کہ جب تک کے الیکٹرک صنعتوں کو پیداواری طلب کے مطابق بجلی کی فراہمی کو ممکن نہیں بناتا اس وقت تک صنعتوں کے کیپٹیو پاور پلانٹس کی گیس منقطع نہیں کی جائے گی۔
عبدالہادی نے کہا کہ سائٹ ایریا کی صنعتوں کے کیپٹیو پاور پلانٹس کے گیس کنکشنز بتدریج بحال ہونے سے پیداواری سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے جس سے صنعتوں کو ہونے والے ممکنہ نقصانات کا خطرہ ٹل گیا ہے تاہم مقامی صنعتوں کے ساتھ ساتھ برآمدی صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی کے مستقل اقدامات کیے جائیں تاکہ برآمدی آرڈرز کی بروقت ترسیل ممکن ہو سکے اور ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو سکے۔