کراچی میں سردیوں کے موسم میں گیس کی بندش کا مسئلہ سر اٹھانے لگا ہے جس کے ہاتھوں عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں باقاعدگی سے گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی۔ رات کے وقت شہرِ قائد کے اکثر علاقوں میں گیس بند کردی جاتی ہے جبکہ سورج نکلنے کے بعد بحال کی گئی گیس کا پریشر بھی بعض اوقات معمول سے کم ہوتا ہے جس کے باعث گھریلو خواتین پریشان ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری، جہان آباد، چاکیواڑہ اور بلدیہ سعید آباد میں گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ کورنگی، نارتھ کراچی اور سپر ہائی وے انڈسٹریل زون میں گیس پریشر میں کمی کی شکایات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ کراچی کے ساتھ ساتھ لاہور میں بھی گیس کی کمی کے باعث چولہے ٹھنڈے ہو گئے۔
لاہور کے علاقے اسلام پورہ، اچھرہ، اعوان ٹاؤن اور شادمان میں باقاعدگی سے گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ شہریوں کو مطلوبہ مقدار میں گیس میسر نہ ہونے سے گھریلو معمولات اور کاروباری سرگرمیاں تعطل اور مشکلات کا شکار ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: گیس پریشر میں کمی، سی این جی اسٹیشن 24 گھنٹے کیلئے بند