ساہیوال ڈویژن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزدور کی بیوی سے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ رپورٹ کیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری نہیں ہوسکی۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی روپرٹ کے مطابق ساہیوال کی تحصیل عارف والا کے چک ای بی 17 میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 2 مسلح ملزمان نے خاتون ورکر سے مزدور شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کی اور شوہر کو ریپ ہوتے ہوئے دیکھنے پر مجبور کردیا۔
رپورٹ کے مطابق محمد اسلم نامی کسان گاؤں کے محافات میں بیوی اور 2 بچوں کے ہمراہ فارم ہاؤس پر رہتا ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔ کسان کے 3 فارم ورکرز بھی اہلِ خانہ کے ہمراہ سرونٹ کوارٹر میں رہائش پذیر ہیں جو مویشیوں کے شیڈ میں سوگئے تھے۔
جولائی کی آخری رات کو 2 مسلح داؤ فارم ہاؤس میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے مزدوروں، خواتین، مردوں اور بچوں کوایک کمرے میں بند کرکے تمام افراد سے موبائل فونز چھین لیے۔ ایک مزدور کی بیوی کو نقدی اور دیگر سامان کی نشاندہی کیلئے ساتھ لے گئے۔
خاتون کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے مزدور کی بیوی پر تشدد کیا اور دوسرے کمرے میں بند کردیا۔ ملزمان نے پورا فارم ہاؤس لوٹنے کے بعد خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور مزدور کو ریپ ہوتے ہوئے دیکھنے پر مجبور کیا۔ ڈاکو تمام تر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس کے مطابق ڈاکوؤں نے نقد رقم 50 ہزار روپے، موٹر سائیکل اور ڈی اے پی کھاد کی 2 بوریاں لوٹیں اور فرار ہوگئے۔ ملزمان نے متاثرہ افراد کے فون فارم ہاؤس کے قریب پھینک دئیے تھے۔ خاتون کے میڈیکل چیک اپ سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔
ڈی پی او طارق ولایت نے اجتماعی زیادتی کا شکار خاتون اور اہلِ خانہ کی عیادت کی ہے اور واقعے کی سنجیدہ تحقیقات کیلئے ایس پی انوسٹی گیشن شاہدہ نورین کی قیادت میں ٹیم تشکیل دے دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔