ونڈر وومن کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ کا کہنا ہے کہ فلم کا مرکزی کردارآنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا سے متاثر ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ نے کہا کہ ونڈر وومن کا جو کردار میں نے فلم میں ادا کیا ہے، وہ پرنسز آف ویلز لیڈی ڈیانا سے متاثر ہے۔میں نے لیڈی ڈیانا کی زندگی سے متاثر ہو کر ونڈر وومن کا کردار ادا کیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق اداکارہ گال گیڈوٹ نے کہا کہ میں نے لیڈی ڈیانا کی زندگی سے متعلق ایک دستاویزی فلم دیکھی جس میں ان کی دیگر افراد کیلئے رحم دلی اور جذبۂ ہمدردی دکھایا گیا جس سے مجھے ونڈر وومن کے جذبے کیلئے مرکزی خیال میسر آیا۔
ونڈر وومن کی مرکزی اداکارہ نے قبل ازیں یہ اعلان کیا تھا کہ گزشتہ ماہ انہیں اپنے ہاں تیسرے بچے کی آمد کی خوشخبری ملی تھی۔ گال گیڈوٹ نے اپنے شوہر یارون ورسانو کے ہمراہ اپنی 2 بیٹیوں الما اور مایا کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
سن 2008ء میں 35 سالہ اسرائیلی اداکارہ نے ورسانو نامی فلم پروڈیوسر سے شادی کی اور دونوں فنکار مل کر پائلٹ ویو نامی پروڈکشن کمپنی چلا رہے ہیں۔ ونڈر وومن 1984ء نامی فلم میں اداکارہ گال گیڈوٹ کی 2 بیٹیاں بھی مختصر وقت کیلئے جلوہ گر ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ میرا ملبوسات میں اپنے نام سے نئی برانڈ متعارف کرانے کیلئے تیار