وفاقی ترقیاتی بجٹ میں شہرِ قائد کیلئے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں جس میں ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی تعمیر، نکاسئ آب اور فائر فائٹنگ کیلئے فنڈز بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گرین لائن بس میں مربوط انٹیلی جنس ٹرانسپورٹ سسٹم آلات کی تنصیب کے لیے 7 ارب 95 کروڑ روپے، گرین لائن بس منصوبے کے لیے 3 ارب روپے جبکہ گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 2 ارب 35 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق منگھو پیر سے بنارس تک سڑک کی تعمیرِ نو کے لیے 65 کروڑ روپے مختص کیے گئے جبکہ نشتر اور منگھوپیر سڑک کی تعمیرِ نو کے لیے 35 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق کے ایم سی فائر فائٹنگ سسٹم کی بحالی کے لیے 38 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ ملیر لنک روڈ کے اوپر انٹر چینج کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے۔
بمطابق دستاویز ملیر بند کے اوپر سڑک کی تعمیر کے لیے 4 کروڑ 40 لاکھ کا ترقیاتی بجٹ جبکہ ضلع ایسٹ کے پانی، نکاسئ آب اور سڑکوں کی تعمیر کے لیے 21 کروڑ 79 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔،
ضلع کورنگی کے پانی، نکاسئ آب اور سڑکوں کی بہتری کے لیے 6 کروڑ 23 لاکھ روپے جبکہ ضلع وسطی کی یونین کونسلز کے پانی، نکاسئ آب اور سڑکوں کے لیے 12 کروڑ 74 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ضلع وسطی کی مختلف یونین کونسلز کیلئے ایک ارب 32 کروڑ، ضلع ایسٹ کی مختلف یونین کونسلز کیلئے 60 کروڑ 63 لاکھ روپے جبکہ ضلع کورنگی ملیر کیلئے 14 کروڑ 51 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کےایم سی، ضلع ساؤتھ، ویسٹ کی مختلف یوسیزکیلئے 98 کروڑ 66 لاکھ روپے ، ضلع ویسٹ کی مختلف یونین کونسلز کیلئے 15 کروڑ 59 لاکھ روپے جبکہ ضلع جنوبی کیلئے 9 کروڑ 54 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔