مزاحیہ جملوں سے بھرپورشو فرینڈز ری یونین کی ٹیم ایمی ایوارڈز کی 4 نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہی جن میں ورائٹی اسپیشل کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرٹنی کاکس نے اپنے 5 ساتھی فنکاروں کے ہمراہ این بی سی کے مزاحیہ جملوں سے بھرپور شو میں اداکاری کی جبکہ کرٹنی وہ واحد اداکارہ ہیں جو 6 مرکزی ستاروں کے مقابلے میں کبھی ایمی ایوارڈ کی نامزدگی حاصل نہیں کرسکیں۔
مزاحیہ شو کے 10 سیزن 1994 سے 2004 تک چلے جس پر مداحوں نے تمام فنکاروں کو دادو تحسین سے نوازا۔ قبل ازیں فرینڈز ری یونین کے اداکار جینیفر آنسٹن، ڈیوڈ شوئمر، میتھیو پیری، میٹ لیبلانک اور لیزا کڈرو ایمی ایوارڈز کیلئے نامزد ہوچکے ہیں۔
مجموعی طور پر 90 منٹ طویل ری یونین شو نے 4 نامزدگیاں جیتیں جبکہ ماضی میں 236 اقساط پر مشتمل فرینڈز شو کیلئے ٹیم 62 ایمی ایوارڈز کیلئے نامزد ہوئی جن میں سے جینیفر آنسٹن 5، لیزا کڈرو 6، میٹ لیبلانک 3 جبکہ ڈیوڈ شوئمر اور میتھیو پیری 1، 1 بار نامزد ہوئے۔
رواں برس نشر کیے جانے والے فرینڈز ری یونین شو نے ڈائریکشن، پروڈکشن ڈیزائن، ورائٹی اسپیشل اور لائٹنگ سمیت 4 کیٹگریز میں ایمی ایوارڈز کیلئے نامزدگی حاصل کی، نامزدگیوں کے حصول پر فرینڈز ری یونین کے فنکاروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل مشہورومعروف سٹ کام فرینڈز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ستارے حال ہی میں 17 سال بعد ری یونین شو میں اکٹھے ہوئے۔ تمام فنکاروں کو لاکھوں ڈالرز میں بھاری بھرکم معاوضہ دئیے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ایچ بی او میکس کے خصوصی شو میں کام کرنے کیلئے ہر فنکار کو 10 لاکھ ڈالر معاوضے کی پیشکش کی گئی تاہم تمام ستاروں نے یہ پیشکش ٹھکراتے ہوئے الگ معاضے کا مطالبہ کردیا۔
مزید پڑھیں: فرینڈز ری یونین کے اداکاروں کو بھاری بھرکم معاوضہ دئیے جانے کا انکشاف