کراچی: ایف پی سی سی آئی وفد کی گورنر خیبرپختونخوا‘ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، سینیٹر حاجی غلام علی‘ میاں ناصر حیات مگوں، مرزا عبدالرحمن نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی اورچیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے تجارت ذیشان خانزادہ سے سارک چیمبر کے نائب صدر سینیٹر حاجی غلام علی کی سربراہی میں صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوں، چیف کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن، سابق صدر کراچی چیمبرجنید ماکڈا، صدر پاک افغان چیمبرجاوید پلوانی کی اہم ملاقات کی اورپاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران ملک میں صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ،پاک افغان تجارت، ٹیکس نظام اور مہنگائی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔سینیٹر حاجی غلام علی، میاں ناصر حیات مگوں اور مرزا عبدالرحمن نے کہا کہ ملک کی بزنس کمیونٹی، صنعتکار اور خاص کر چھوٹے تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
حکومت کو خصوصی ریلیف کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے اور صنعتی، تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑے پلیٹ فارم فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اعتماد میں لیکر فیصلے کرنے چاہئیں تاکہ حکومت اور بزنس کمیونٹی مل کر ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکیں۔
مزید پڑھیں:ثاقب نسیم پائما کے مرکزی چیئرمین،جاوید اصغر وائس چیئرمین منتخب