راولپنڈی کی بارانی یونیورسٹی میں دو طلباء گروپوں کے درمیان جھڑپ کے دوران چار طلباء زخمی ہوئے جبکہ تین طلباء کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ یونیورسٹی میں دو حریف گروپوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے ہوئی۔ واقعے کے فوری بعد مقامی پولیس یونیورسٹی کی عمارت پر پہنچی اور تین طلباء کو گرفتار کر لیا۔ زخمی طلباء کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، اور پولیس نے گرفتار طلباء سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس سے پہلے اکتوبر 2024 میں اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی کے بوائز ہاسٹل میں دو حریف گروپوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 26 سے زائد طلباء زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق دو گروپوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں کئی طلباء زخمی ہوئے، جبکہ ایک طالب علم کی حالت نازک بتائی گئی۔ لڑائی کے دوران ایک گروپ نے ہاسٹل کے ایک کمرے کو آگ لگا دی اور طلباء نے ہاسٹل میں مختلف اشیاء کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔