ماہی گیروں کا دیرینہ مسئلہ حل، موڑی بانگرا جیٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ماہی گیروں کا دیرینہ مسئلہ حل، موڑی بانگرا جیٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا
ماہی گیروں کا دیرینہ مسئلہ حل، موڑی بانگرا جیٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی میں بونا فائیڈ ماہی گیروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا، ماہی گیروں کے سرپرستِ اعلیٰ سردار حسین اسلم بھٹی نے موڑی بانگرا جیٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماہی گیروں کے سرپرستِ اعلیٰ نے موڑی بانگرا جیٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے کے ساتھ جنگی بنیادوں پر تعمیر کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ پیرا شوٹرز نے فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں آکرلوٹ مار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا،وہ ماہی گیروں کے مسائل میں اضافہ اورپیپلزپارٹی کی بدنامی کا سبب بنے۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستانی خاتو ن عمارہ مسعود نے لندن میں گلوبل بینکنگ ٹیک ایوارڈ جیت لیا

تین ماہ قبل چارج سنبھالنے والے ماہی گیر ایڈمنسٹریٹر زاہدابراہیم بھٹی نے کرپشن کے جن کو قابو کر کے ملازمین کو وقت پر تنخواہ اور کئی سال سے گریجویٹی کے لیے دھکے کھانے والے ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی کی ادائیگیاں کر دیں۔ماہی گیروں کی سب سے زیاد ہ ویلفیئرکرکے بھی ریکارڈ قائم کر دیا جس پر ماہی گیر بہت خوش نظر آئے۔

سردار حسین اسلم بھٹی اور ماہی گیر ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کی قیادت، آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو مایوس نہیں کریں گے۔ماہی گیروں کے سرپرست اعلیٰ و رہنما سردار حسین اسلم بھٹی بدھ کے روز کراچی فش ہاربر پہنچے۔

کراچی فش ہاربر پر ایڈمنسٹریٹرزاہد ابراہیم بھٹی نے معززمہمان کا والہانہ استقبال کیا۔پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔سردار حسین اسلم بھٹی نے بونا فائیڈ ماہی گیروں کی سہولت کے لئے علیحدہ چھوٹی جیٹی موڑی بانگرا کا سنگ بنیاد رکھ کر ماہی گیروں کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔اس موقعے پر ماہی گیروں نے خوب نعرے بازی کی۔ 

سنگِ بنیاد رکھنے پر ماہی گیروں کی خوشی دیدنی تھی۔اس موقع پرماہی گیروں نے سردار حسین اسلم بھٹی زندہ باد اور ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ قبل ازیں قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر حسین اسلم بھٹی نےموڑی بانگرا جیٹی کی جلد از جلد تعمیر کی ہدایت کی۔ 

سردار حسین اسلم بھٹی نے فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ موڑی بانگرا جیٹی کوجنگی بنیادوں پر تعمیر کرکے جلد از جلد ماہی گیروں کے حوالے کریں تاکہ ان کو مچھلی کی لینڈنگ کے دوران ہونے والی پریشانی سے جلد چھٹکارہ مل سکے۔ ماہی گیر رہنما نے کہا کہ پیرا شوٹرز کا مسلط رہنا ماہی گیروں کی بدقسمتی رہی۔

حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ ماہی گیروں کے ادارے پرہمیشہ پیرا شوٹرز مسلط ہوتے رہے۔وہ نہ تو ماہی گیر تھے اورنہ ہی ماہی گیروں کے مسائل سے آشناتھے اور ان میں ماہی گیروں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت بھی نہیں تھی۔انہوں نے ماہی گیروں کے ادارے فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں کرپشن اورلوٹ مارکرکے اپنی تجوریاں بھریں۔

ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا کروہ پیپلزپارٹی کی بدنامی کاسبب بنے۔حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،محترمہ فریال تالپوراور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل،سید ناصر حسین شاہ،بیرسٹرمرتضی وہاب ودیگر کے شکرگزار ہیں۔

پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ انہوں نے پہلی بار ماہی گیروں کا ادارہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی ماہی گیر ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی کے حوالے کیا ہے اور ہم دن رات محنت کر کے ماہی گیروں کے ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے دم لیں گے۔ہم پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو مایوس نہیں کریں گے۔

حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ ہمارے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے دن رات ایک کر کے کرپشن کے ہر سوراخ کو بند کر دیا ہے جس کی بدولت ادارے کے ملازمین کی تنخواہ کی ادائیگی بروقت ہو پائی ہے۔بلکہ کئی برس قبل ریٹائرڈ ہوکر گریجویٹی کے لیے دھکے کھانے والے ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی کی ادائیگی بھی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کے گھروں کے چولہے ان لٹیروں نے گریجو ایٹی کی ادائیگی نہ کرکے بجھا دیئے تھے۔اب ان کے گھروں کے چولہے دوبارہ سے جل اٹھے ہیں۔گزشتہ 50 سال سے اس ادارے کی باگ ڈوران لوگوں کے ہاتھ میں تھی جن کا ماہی گیری سے دورکا بھی واسطہ نہیں تھا۔یہی وجہ ہے کہ ماہی گیروں کے مسائل حل نہ ہوسکے۔ 

اب پیپلز پارٹی کی قیادت نے پہلی بارماہی گیر قیادت پر اعتماد کیا ہے۔ اگر ہمیں وقت دیا گیا تو ہم فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کوماہی گیروں کا ایک قابل فخر ادارہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تبارک وتعلی نے ہر نعمت سے نوازا ہوا ہے۔ہمیں اس ادارے سے ایک پیسے کی لالچ نہیں ہے۔

سردار حسین ابراہیم بھٹی کا کہنا تھا کہ نہ تو ہم خود چور ہیں۔اور نہ ہی کسی چور کو چوری کی اجازت دیں گے۔فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی میں کرپشن کا ہر دروازہ بند کر دیا گیا ہے۔جس ادارے کا سربراہ ایماندار ہو۔اس ادارے میں کوئی کیسے چوری کر سکتا ہے۔ اب اس ادارے کو ترقی کی منازل طے کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ 

Related Posts