کراچی: کئی مرتبہ ڈیوس کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق ٹینس کے کھلاڑی خواجہ سعید انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 91 برس تھی۔
خواجہ سعید حئی 5 مارچ 1930ء کو بھارت کے شہر علی گڑھ میں پیدا ہوئے تھے اور اپنی تعلیم بھی وہیں حاصل کی۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم علی گڑھ یونیورسٹی سے حاصل کی ۔ خواجہ سعید حئی وہ سرسید احمد خان کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔
خواجہ سعید حئی کا شمار ملک کے اسپورٹس لیجنڈز میں کیا جاتا ہے اور وہ پاکستان کی جانب سے 3 گرینڈ سلم میں کھیل چکے تھے۔ انہوں نے ومبلڈن، یو ایس اوپن، فرنچ اوپن اور ڈیوس کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
انہوں نے 1955 اور 1956 میں ومبلڈن چیمپئن شپ کے مین راؤنڈ کے میچز کھیلے ، جبکہ فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی۔ 1964 میں میں یو ایس اوپن اور پاکستان کی جانب سے ڈیوس کپ مقابلوں میں شرکت کی۔ ومبلڈن میں انہوں نے سنگلز اور مکسڈ ڈبلز میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
انھوں نے ڈیوس کپ مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی 32 بار قیادت کی۔ سعید حئی کے بیٹے علی حئی قومی گولف چیمپیئن رہ چکے ہیں۔
خواجہ سعید حئی کے انتقال پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ اور نائب صدر خالد رحمانی کے علاوہ موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 27خواتین کرکٹرز پر مشتمل ایمرجنگ کیمپ 3 اپریل سے کراچی میں شروع ہوگا