دبئی: سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف شدید علیل ہو گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں دبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے بارے میں اطلاع ہے کہ انھیں شدید علالت کی حالت میں دبئی کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سابق صدر خرابی صحت کے باعث کافی عرصے سے دبئی میں موجود ہیں، اس دوران کئی بار اسپتال میں داخل بھی ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ اکتوبر کے مہینے میں ایک میڈیکل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پرویز مشرف کو ایک جان لیوا بیماری لاحق ہے،سابق صدر کو امیلوئی ڈوسس نامی خطرناک بیماری لاحق ہوئی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مشرف کا روزانہ کی بنیاد پر علاج نہ ہونے سے جان کا خطرہ ہوتا ہے، پرویز مشرف دل اور بلڈ پریشر کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں، ان کا علاج برطانیہ کے 2 معروف اسپتالوں کے ساتھ مل کر کیا جا رہا ہے،جب کہ علاج اور تھراپی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر ایک سال جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی