سان فرانسسكو: برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد سابق شہزادہ ہیری نے ذہنی صحت کے لیے کام کرنے والے امریکی ادارے’بیٹر اپ‘ میں چیف امپیکٹ آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
مارچ 2020 میں شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے گزشتہ برس شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرکے ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا میں رہائش اختیار کر رکھی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے رپورٹ کے مطابق شاہی محل سے علیحدگی کے بعد شاہی خاندان نے ان کی مالی معاونت ختم کردی تھی اور انہوں نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ اور میوزک ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ سے بھی معاہدے کیے تھے۔
امریکی خبررساں ادارے کے مطابق شہزادہ ہیری نے ذہنی صحت کے حوالے سے کام کرنے والے امریکی ملٹی نیشنل ادارے میں چیف امپیکٹ افسر (سی آئی او) کی ملازمت اختیار کرلی ہے۔
شہزادہ ہیری کو ادارے کے لیے ذہنی مسائل سے دوچار افراد کے لیے منصوبہ بندی تیار کرنی ہوگی۔ شہزادہ ہیری کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار ہونے کے ناطے مختلف ممالک کا دورہ بھی کریں گے اور وہاں پر ذہنی صحت کے حوالے سے پروگرامز میں حصہ لیں گے۔
دوسری جانب سے ’بیٹراپ‘ کمپنی کے سی ای او نے امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہزادہ ہیری براہ راست ان کورپورٹ نہیں کریں گے اور نہ ہی وہ ملازمین کا انتظام سنبھالیں گے تاہم حالات بہتر ہونے پر وہ کمپنی کے سان فرانسسکو ہیڈکوارٹر میں کچھ وقت گزار سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہزادہ ہیری پر شاہی اعزازات کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند