ٹیکسلا میں نافرمان اولاد کی جعلسازی، بیٹے نے باپ کی جائیداد ہتھیا لی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ٹیکسلا میں نافرمان اولاد کی جعلسازی، بیٹے نے باپ کی جائیداد ہتھیا لی
ٹیکسلا میں نافرمان اولاد کی جعلسازی، بیٹے نے باپ کی جائیداد ہتھیا لی

راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں نافرمان اولاد نے جعلسازی کرتے ہوئے اپنے باپ کی جائیداد ہتھیالی ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ ٹیکسلا کے علاقے ڈاک خانہ سنگجانی میں پیش آیا جہاں 106 سالہ بزرگ عبدالحئی کی پہلی بیوی سے نافرمان اولاد نے جعلسازی کی اور پٹواری سے سازباز کرکے والد کی جائیداد اپنے نام منتقل کروالی جس پر بوڑھا باپ انصاف کیلئے سراپا احتجاج ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں رہنے والے بزرگ عبدالحئی نے بتایا کہ میں نے 2 شادیاں کیں۔پہلی بیوی کے انتقال کے بعد میں نے دوسری شادی کی۔پہلی بیوی سے میرے 4 بچے ہیں جن میں سب سے بڑا بیٹا یعقوب انتہائی نافرمان ہے جس کا چال چلن ٹھیک نہیں ہے۔

عمر رسیدہ شہری عبدالحئی نے بتایا کہ دوسری شادی سے میرے 6 بچے ہیں۔میری پہلی بیوی سے میری نافرمان اولاد، میرے بڑے بیٹے یعقوب نے میری دوسری بیوی پر اتنا تشدد کیا کہ وہ نیم پاگل ہو چکی ہے۔یعقوب نے میرے جو 6 بچے دوسری بیوی سے ہیں ان پر بھی آئے دن ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

شہری عبدالحئی نے کہا کہ یعقوب نے جعل سازی سے متعلقہ موضع کے پٹواری، گرداور اور تحصیلدار سے مبینہ طور پر ساز باز کرکے میری جائیداد جعل سازی سے ہتھیائی۔ میں کچہری یعقوب کے ساتھ گیا اور وہاں پر میں نے پٹواری کے رجسٹر پر دستخط اور انگوٹھے ثبت کیے اور پٹواری سے کہا کہ یہ جائیداد صرف اور صرف میرے تابعدار بچوں جو دوسری بیوی سے ہیں چھ بچے اور بہت چھوٹے ہیں ان کے نام منتقل کردو۔

عبدالحئی نے کہا کہ  پٹواری نے پہلے ہی یعقوب سے گٹھ جوڑ کیا ہوا تھا۔ پٹواری نے میری جائیداد یعقوب کے کہنے پر یعقوب کے نام منتقل کر دی جو کہ سراسر ظلم و زیادتی ہے جس کے بعد  یعقوب نے مزید جعل سازی کرتے ہوئے میرے جعلی انگوٹھے لگا کر تھانے میں اپنے سوتیلے بھائی یعنی میری دوسری بیوی سے جو اولاد ہے اس بچے کے خلاف میری طرف سے جعلی ایف آئی آر درج کرادی۔

انہوں نے کہا کہ یعقوب تھانے میں اس بچے پر پولیس کے پاس کھڑے ہوکر بہیمانہ تشدد کرتا رہا جبکہ  ٹیکسلا تھانے میں تعینات افسر اقبال چانڈیو سب انسپکٹر نے ہم پر یعقوب کے کہنے پر ظلم و ستم شروع کر رکھا ہے۔اقبال چانڈیو علاقے میں فرعون بنا ہوا ہے۔

بزرگ شہری نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ جھوٹی ایف آئی آر خارج کرائی جائے اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب میری جائیداد ناخلف اولاد سے واپس دلائیں۔ میرے ساتھ انصاف کیا جائے۔ 

Related Posts