وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے غیر ملکی میڈیا کا وفد آج بھارت کی طرف سے سیز فائر خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے ایل او سی (لائن آف کنٹرول) کی طرف روانہ ہوگیا جسے زمینی حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔
حکومتِ پاکستان نے غیر ملکی صحافیوں اور اقوامِ متحدہ کے مشن کو لائن آف کنٹرول کے سیکٹرز میں بھارت کی سیز فائر خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے رسائی دی ہے جس کے دوران بھارتی فوج کی طرف سے مقامی آبادی کو نشانہ بنانے کی مذموم سازش بے نقاب کی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا وفد بھارتی فائرنگ کا نشانہ بننے والے زخمی افراد اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کرے گا جبکہ گولہ باری اور دیگر بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا مشاہدہ بھی کیا جائے گا جبکہ بھارت وقفے وقفے سے مقامی آبادی کو نشانہ بناتا رہتا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے باعث 11 سالہ لڑکی اور 1 خاتون سمیت 5 شہری زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے 9 روز قبل رات گئے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے نزدیک شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 11 سالہ لڑکی سمیت 5 شہری زخمی