اسلام آباد:ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کے باعث پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد کافی حد تک بحال ہوا ہے اور آئندہ مالی سال میں غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
پاکستان کے بارے میں ایشیائی ترقیابی بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2020ء میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 12 فیصد تک رہے گی جبکہ آئی ایم ایف میں جانے کا فیصلہ پاکستان کے زرِ مبادلہ ذخائر میں اضافہ کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بین الاقوامی بانڈز کی دُنیا میں دوبارہ داخلے کے لیے پاکستان کی تیاری مکمل، مشیروں سے درخواستیں طلب
ایشیائی بینک کی رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے اختتام تک زرِ مبادلہ کا حجم 10 ارب ڈالر سے زائد ہو گا جبکہ سعودی عرب سے 1 ارب ڈالر خام تیل بھی ملنے کا امکان ہے۔ آئندہ برس بھی افراطِ زر کی شرح زیادہ رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی وجہ مقامی یوٹیلٹیز کی قیمتوں میں اضافہ ہے جبکہ یہ اضافہ طے شدہ پلان کے مطابق ہونا چاہئے۔ آئی ایم ایف پروگرام کی اصلاحات سے قرض میں کمی ہوگی ، حکومت کے اقدام خاطر خواہ ترقی کے حوالے سے مناسب ہیں۔ آئندہ مالی سال میں معاشی شرحِ نمو 2.8 فیصد تک رہے گی جبکہ مقامی طلب میں کمی کے باعث صنعتی ترقی کم ہوگی۔
ایشیائی بینک کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث زراعت کے شعبے میں ترقی ہوگی، مجموعی محصولات میں 16.6 فیصد اضافہ متوقع ہے جبکہ آئندہ مالی سال میں جاری کھاتوں کاخسارہ جی ڈی پی کا 2.8 فیصد تک محدود ہوجائے گا۔ روپے کی قیمت میں جلد استحکام متوقع ہے جبکہ روپے کی قدر میں کمی سے برآمدات بڑھیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ملک بھر کی بڑی بڑی دکانوں پر انوائس مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ایف بی آر حکام کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیوٹی پارلرز، بڑی بیکری شاپس اور کریانہ اسٹورز میں سیلز کی درست مانیٹرنگ اور سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے انوائس مانیٹرنگ سسٹم کا دائرہ کار ایسی تمام شاپس کے ساتھ ساتھ ریٹیل آؤٹ لیٹس اور دیگر شعبوں تک بڑھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر کا اہم اقدام، بڑی دکانوں پر انوائس مانیٹرنگ سسٹم لایا جائے گا