سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹانک میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھتا خوری، ٹارگٹ کلنگ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے پر حملوں میں ملوث تھے۔
سیکورٹی فورسز نے کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری ہتھیار و گولہ بارود و دھماکا خیز مواد برآمد کیا، جبکہ دیگر دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے خدشے پر علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردوں و دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔